رواں ہفتے مہنگائی ریکارڈ 46.82 فیصد رہی ،21 اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ہوا : ادارہ شماریات
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی +نیٹ نیوز) ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان بدستور جاری ہے ، حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.15 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 46.82فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق27اپریل 2023 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 44 ہزار 175روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والا طبقہ مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا جس کے لیے مہنگائی کی شرح 48.23 فیصدرہی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے 27 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.15فیصد کمی ہوئی جبکہ اس ہفتے کے دوران آلو،آٹا،انڈے ،دال ماش،دال چنا، بیف، مٹن ، گڑ، چکن، واشنگ سوپ، روٹی، چاول ، ماچس، لہسن، کھلا دودھ اوردہی سمیت مجموعی طور پر21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔پیاز،ٹماٹر، چینی، دال مسور،سرسوں کا تیل اور ایل پی جی پر مشتمل 7 ا شیا سستی ہوئیں جبکہ 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی۔رپورٹ کے مطابق ہفتہ وا ر بنیادوں پر گذشتہ ہفتے کے دوران آلو 8.22 فیصد،آٹا 2.65 فیصد، چکن 1.75 فیصد، ایری سکس نائن چاول1.01 فیصد، سادہ روٹی 1.13 فیصد اور گڑ1.23 فیصد مہنگا ہوا جبکہ ٹماٹر19.20فیصد، پیاز1.40فیصد، چینی1.19 فیصد، ایل پی جی1.09فیصد، دال مسور0.98 فیصد اورسرسوں کا تیل0.39فیصد سستا ہوا۔وفاقی ادارہ برائے شماریات کے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے حساس قیمتوں کے اشاریہ(ایس پی آئی) کے لحاظ سے گذشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں ملک میں مہنگائی کی شرح46.821 فیصد رہی ہے۔اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 41.54فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 46.39 فیصد رہی۔اسی طرح 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 46.36فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی والوں کے لیے 46.55فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 48.23فیصدرہی۔
ادارہ شماریات