سوڈان سے انخلا : 149 پاکستانی کراچی پہنچ گئے ، آمد جاری ، ترک طیارے پر فائرنگ
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ‘ اے پی پی) سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلاءکا عمل جاری ہے۔ گزشتہ روز 149 پاکستانیوں کو لیکر پاک فضائیہ کا طیارہ کراچی پہنچ گیا ہے۔ مزید پاکستانیوں کی آمد جاری ہے۔ ادھر ترک شہریوں کے انخلاءمیں مصروف طیارہ پر فائرنگ کی گئی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاک فضائیہ‘ وزارت خارجہ اور سوڈان و سعودیہ کے پاکستانی سفارتخانے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے ہرممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تقریباً 200 پاکستانیوں کو لیکر دو دیگر پروازوں کی آمد متوقع ہے، ان میں سے ایک پورٹ سوڈان اور دوسرا جدہ سے پاکستانیوں کو واپس لائے گا۔ سوڈان میں سکیورٹی کی مشکل صورتحال سے پاکستانیوں کا انخلا وزارت خارجہ کی قیادت میں ایک مضبوط بین الاقوامی ایجنسی کے عمل کے نتیجے میں ممکن ہوا ہے۔ آپریشن کے پہلے مرحلے میں 8 سو سے زائد پاکستانیوں کو خرطوم سے پورٹ سوڈان پہنچایا گیا جو نسبتاً محفوظ ہے، انخلائ کے آپریشن کا دوسرا مرحلہ پاکستانی شہریوں کو پورٹ سوڈان سے جدہ سعودی عرب یا براہ راست پاکستان پہنچانا ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سی-130 ہرکولیس طیارہ سوڈان سے 110 پاکستانیوں کو لے کر جدہ سے روانہ ہوا۔ پاک فضائیہ کی اعلی قیادت کی ہدایات پر پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سوڈان میں پھنسے ہوئے ہم وطنوں کو واپس لانے کے لیے انخلا کے مشکل مشن کو مکمل کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ فلیٹ کو سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے احکامات جاری کر دیئے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سوڈان سے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی تک بھرپور جذبے سے کام جاری رکھا جائے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستانیوں کی سوڈان سے بحفاظت وطن واپسی پر اظہار تشکر کیا اور پاکستانیوں کی واپسی کے آپریشن میں شریک آئی ایس آئی سمیت تمام فورسز کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ وزیراعظم نے 847 پاکستانیوں کے بحفاظت سوڈان کی بندرگاہ پہنچنے پر اطمینان کااظہار کیا۔ وزیراعظم نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو، وزیرمملکت خارجہ نے سوڈان میں پاکستانی سفیر، میر بہروز ریگی، ہیڈ آف چانسلری محمد سعید، ڈیفنس اتاشی کرنل محمد ہارون، کمرشل اتاشی عطااللہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے سوڈان میں پاکستانی سفارت خانے کے عملے محمد بلال شفیق اور راشد خان کو بھی خصوصی شاباش دی۔ادھر ترکیہ کی وزارت دفاع نے تصدیق کر دی ہے کہ سوڈان کے دارالحکومت ترخوم کے باہر ترک شہریوں کے انخلاءکیلئے جانے والے جہاز پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ترک وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی زخمی نہیںہوا جبکہ جہاز کو بحفظات وادی سیدنام میں اتار لیا گیا۔ ادھر سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی جہازوں پر سوڈان سے انخلاءکرنے والے افراد کی تعداد تقریباً 2,544 ہو گئی ہے جن میں 119 سعودی شہری اور ہالینڈ‘ روس‘ لبنان‘ ناروے‘ امریکہ‘ ترکیہ‘ پاکستان‘ سربیا‘ پولینڈ‘ جرمنی‘ بھارت‘ جارجیا‘ تھائی لینڈ‘ بنگلہ دیش‘ سویڈن‘ ازبکستان‘ برطانیہ‘ آئرلینڈ‘ فلپائن‘ ایتھوپیا‘ آرمینیا‘ نائیجیریا‘ قزاخستان اور پیراگوئے کے شہری شامل ہیں۔ادھر چینی بحریہ نے 216 پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچا دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دوستی اور تعاون کے جذبے پر چین کے شکر گزار ہیں۔