لکی مروت : تین حملے ناکام ، خودکش دھماکہ ، فائرنگ : 3 جوان شہید 7 دہشتگرد ہلاک
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) سکیورٹی فورسز نے جرات اور بہادری سے لکی مروت میں دہشت گردوں کے 3 حملے ناکام بنا دیئے۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 7 دہشت گرد مارے گئے ،فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق 27/28 اپریل کی رات لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی چوکی کے قریب موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد سکیورٹی فورسز اور حملہ آور کے دیگر ساتھیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 4 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔ضلع لکی مروت کے علاقے امیرکلام اور تاجبی خیل میں دہشت گردوں کے ساتھ دو دیگر مقابلوں میں دہشت گرد کمانڈر موسی خان سمیت 3مزید دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے سات دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائب صوبیدار تاج میر (عمر 40 سال، ساکن ڈسٹرکٹ نوشہرہ)، حوالدار ذاکر احمد (عمر 38 سال، ساکن ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد) اور سپاہی عابد حسین (عمر 29 سال، ساکن ڈسٹرکٹ ڈی آئی خان)شہید ہوگئے۔ علاقے میں کسی بھی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جا رہی ہے۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔