پولیس گرفتاری کیلئے دروازہ توڑ کر پرویز الٰہی کے گھر داخل
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پولیس سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر پی ٹی آئی چودھری پرویز الٰہی کا دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہو گئی۔ مزاحمت پر 14 افراد کو گرفتار کر لیا۔ خاتون کو گوفتاری کے بعد رہا کر دیا گیا۔ پرویز الٰہی کے سیکرٹری نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی گھر پر موجود ہی نہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق اینٹی کرپشن کی ٹیم لاہور پولیس کی معاونت سے پرویز الہیٰ کی گرفتاری کیلئے ان کی ظہور الہی روڈ پر قائم رہائش گاہ پہنچی۔ پولیس کی 8 سے زائد گاڑیاں جبکہ اینٹی رائٹس فورس کے اہلکار بھی پرویز الہیٰ کی رہائش گاہ کے باہر موجود رہے۔ پولیس نے اطراف کے علاقوں کو سیل کر کے شہریوں کی آمد و رفت بند کی۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی تو پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے اور پی ٹی آئی کارکنان کی ممکنہ پیش قدمی کو روکنے کیلئے پوزیشنز سنبھالی جبکہ ان کی رہائش گاہ سے پولیس پر پریشر سے پانی اور مٹی کا تیل بھی پھینکا گیا۔ پتھراﺅ کیا گیا۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے بتایا کہ پرویز الٰہی کو گوجرانوالہ میں درج مقدمے 23/6 میں گرفتار کرنے کیلئے آئے۔ نادر دوگل ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ مقدمہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ میں درج ہے جبکہ مقدمے میں عدالت پہلے ہی پرویز الٰہی کو 6 مئی تک حفاظتی ضمانت دے چکی ہے۔ قانونی ٹیم نے اینٹی کرپشن حکام کو بتایا کہ جج طارق سلیم شیخ کے حکم پر پرویز الٰہی کو ضمانت مل چکی ہے۔ دوسری جانب محکمہ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ اگر ضمانت ہو چکی ہے تو ہمیں عدالت کا آرڈر دکھایا جائے۔ پرویزالٰہی کے وکیل عامر سعید راں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس طارق سلیم شیخ نے 6 مئی تک ضمانت قبل از گرفتاری دی،ہائی کورٹ کا تصدیق شدہ آرڈر ہمیشہ اگلے دن ملتا ہے، ہم نے ان کی کورٹ کے اہلکار سے بات بھی کروا دی۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی کے گھر پر غیر قانونی چھاپے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ چھاپے میں خواتین اور فیملی ممبرز کا احترام نہیں کیا گیا۔ شریف اور زرداری خاندانوں کی اس طرح سرپرستی؟ بس بہت ہو گیا آج میں اپنی قوم کو روڈ میپ دوں گا ہم پاکستان میں جمہوریت کا خاتمہ اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ رہے ہیں ایسی بربریت مشرف کے مارشل لاءمیں بھی نہیں دیکھی تھی آئین، سپریم کورٹ کے فیصلوں یا عوام کے بنیادی حقوق کا کوئی احترام نہیں یہ سب پی ٹی آئی کی کرش کرنے کے لندن پلان کا حصہ ہے فسطائیت اور جنگل کا قانون نافذ کر دیا گیا ہے انہوں نے پہلے میرے گھر پر حملہ کیا اب پرویز الٰہی کے گھر پر حملہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی کے گھر چھاپے کی مذمت کرتے ہیں ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف گرفتاریاں چھاپے سے لگتا ہے کہ اسحاق ڈار، سعد رفیق اور اعظم نذیر تارڑ کی کوئی حثیت نہیں۔