کچے کے آپریشن پر بریفنگ ، محسن نقوی پولیس کی کامیابیوں پر مطمئن
لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں کچے کے علاقے میں شرپسندوں کے خلاف جاری پولیس آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے آپریشن پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ کچے میں 51 ہزار ایکڑ علاقے کو کلیئر کرا لیا گیا ہے اور شر پسندوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ہیں۔ جبکہ دیگر علاقے کو کلیئر کرانے کیلئے آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔ اور پنجاب پولیس کے تازہ دم دستے بھی کچے میں پہنچ گئے ہیں۔ آپریشن کے دوران 3 شرپسند مارے گئے، 8 زخمی ہوئے جبکہ 46 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اور قابل سکھانی گینگ کے گرد گھیرا تنگ کرکے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ کلیئر کرائے گئے علاقے میں پولیس کی چوکیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔ محسن نقوی نے پولیس آپریشن میں کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں کی جرات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں کی بہادری اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کچے کے علاقے میں شرپسندوں کا مکمل خاتمہ کرکے پائیدار امن قائم کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے علاقے میں سڑکوں اور پلوں کی تعمیر و مرمت و بحالی کیلئے پلان طلب کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے اٹک کے علاقے پنڈی گھیب میں ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔محسن نقوی نے لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداءنے اپنی جان دیکر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور انہیں جہنم واصل کیا۔
محسن نقوی