میثاق معیشت چاہتے ہیں ، اللہ ملکی ترقی کیلئے ہمیں ملکر کام کی توفیق دے : شہباز شریف
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، عالی معاشی بحران سے پاکستانی عوام کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان رسالپور میں پاسنگ آﺅٹ پریڈ کی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاک فضائیہ کی اکیڈمی میں اعلی معیار اور ڈسپلن دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس مستقبل کا اثاثہ ہیں، ان کیڈٹس کو کامیابی ان کی مسلسل محنت اورغیرمتزلزل عزم کے باعث ملی ہے، پاک فضائیہ نے کسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا، پاک فضائیہ دنیا بھرمیں بے مثال مہارت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے فروری 2019 ءمیں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، گزشتہ دو عشروں کے دوران قوم نے دہشت گردی، انتہاپسندی اورشدت پسندی کا سامنا کیا، پاک فوج سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس ناسورکا جوانمردی سے مقابلہ کیا، پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پرکھڑی ہے، یقین ہے کہ مسلح افواج ہمیشہ قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی سمیت متعدد چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان کو معاشی مسائل کا سامنا ہے، معیشت کو درست راہ پر گامزن کرنے کےلئے ہرممکن کوشش کررہے ہیں، اس لئے میثاق معیشت چاہتے ہیں، عالی معاشی بحران سے پاکستانی عوام کو متاثر نہیں ہونے دیں گے، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوجائیں گے، اللہ تعالی ملک کی ترقی کےلئے ہمیں مل کر کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے تاہم ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں کررہا ہے، اگست 2019 سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کو کھلی جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے، کشمیر کا دیرینہ تنازعہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے کیونکہ اس تنازعہ کو حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام ملکوں بالخصوص ہمسایہ ممالک سے دوطرفہ دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں، خطے میں امن کےلئے ہمسایہ ممالک سے ملکر کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین منظم اور پیشہ ور پاک فضائیہ کی سربراہی پر پاک فضائیہ کی سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاس آﺅٹ ہونے والے کیڈٹس کو بیج لگائے۔ انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، پاک فضائیہ کی سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور اعلی سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔اے پی پی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل، متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین اور سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے ملاقاتیں کیں۔
شہباز شریف