سی پیک : چین نے گوادر تا کاشغر 58 ارب ڈالر کا ریلوے منصوبہ پیش کردیا
بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تحت گوادر سے کاشغر تک 58 ارب ڈالر کا ریلوے لائن کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ پیش کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت مہنگے ترین منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مجوزہ منصوبہ تجارت اور جیوپولیٹکس کو نئی شکل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ریل لنک قدیم سلک روڈ کنکشن کو بحال کرنے کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے۔ ریل لنک مغربی تسلط والے راستوں پر انحصار کم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق مہنگے ترین منصوبے کی لاگت 58 ارب ڈالر آئے گی۔ 1860 میل طویل ریلوے سسٹم گوادر کو چینی صوبے سنکیانگ کے شہر کاشغر سے ملا دے گا۔ چینی ماہرین کا کہنا تھا کہ حکومت اور مالیاتی ادارے منصوبے کےلئے مضبوط تعاون فراہم کریں۔ متعلقہ ملکی محکموں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کو بڑھانا چاہیے۔ چینی حکومت سپورٹ فنڈز کی فراہمی کےلئے کوشش کرے۔ منصوبے کی تعمیر کے لئے مضبوط پالیسی سپورٹ اور ضمانتیں فراہم کریں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت خیبر پختوانخواہ کو بلوچستان سے ملانے کے لئے میگا پراجیکٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے بتائی۔ وفاقی وزیر اسعد محمود نے کہا کہ 210 کلومیٹر طویل سڑک کا یہ منصوبہ یارک کو سگو سے اور پھر ساگو کو ژوب سے جوڑے گا جسے پاکستان اور چین کی حکومتوں کے مشترکہ تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔