آئی ایم ایف کی غلامی سے نکالنے کیلئے نظام مصطفی نافذ کیا جائے:غلام شبیر قادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مجاہد ملت مولانا محمد عبدالستار خان نیازی ٹرسٹ کے مرکزی صدر جمعیت علمائے پاکستان کے سینئر رہنما میاں غلام شبیر قادری نے ٹاو¿ن شپ میں گزشتہ روز کہا ملک کو آئی ایم ایف کی معاشی غلامی سے نکالنے کیلئے نظام مصطفی نافذ کیا جائے۔ 75 سال سے الیکشن الیکشن کھیلا جا رہا ہے قوم کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے جن کے حل کیلئے سوچنے والا کوئی نہیں، مسائل جوں کے توں ہیں۔ اسلام نفرتوں کدورتوں کو ختم کرکے ملک و ملت کی ترقی کیلئے باہمی اتفاق و اتحاد اور رواداری کا درس دیتا ہے۔ گروہوں اور فرقوں میں بٹنے کی بجائے مسلمان اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت کو شکست دے سکتے ہیں۔ اسلامی ممالک اپنے معاشی مسائل کے حل کیلئے اپنا اسلامی بنک قائم کریں اور اپنا دفاع مشترکہ کرتے ہوئے اسلامی فوج تشکیل دیں اور مکہ مدینہ کو اپنا مرکز بنا کر بکھری امت کو پھر سے ایک تسبیح میں پرو دیں۔ انہوں نے کہا امت کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کی بالادستی اور باہمی اتحاد میں ہے۔