سیاسی معاملات سپریم کورٹ یا کسی عدالت میں نہیں جانے چاہئیں:سیف املوک کھوکھر
لاہور (نیوز رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر ملک سیف املوک کھوکھر ،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان، صبغت اللہ سلطان سمیت دیگر نے کہا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے سیاسی معاملات اس قدر خراب ہو چکے ہیں کہ اس کا حل تب تک نہیں نکلے گا جب تک سب جماعتیں سر جوڑ کر نہیں بیٹھ جاتیں۔ سب فریقین کو سیاسی مسائل کو بیٹھ کرڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنا ہوگا۔ سیاسی معاملات سپریم کورٹ یا کسی عدالت میں نہیں جانے چاہئیں۔ پارلیمنٹ کی بالادستی میں ہی جمہوریت کی مضبوطی ممکن ہے۔ پارلیمنٹ سب سے سپریم ہے اسکو کوئی ادارہ یا شخصیت ڈکٹیٹ نہیں کرسکتی۔ گذشتہ روز کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کے عوام آ ج جن مسائل سے دور چار ہیں اسکے ذمہ دار عمران خان اور انکے سہولت کار ہیں جنہوں نے میاں نوازشریف اور انکی ٹیم کی محنت پر پانی پھیرا ہے۔ عام آدمی کی مشکلات کا احساس ہے۔ملک وقت میں قومیں ہی قربانی دیتی ہیں۔عمران خان کے غلط فیصلوں کا خمیازہ آج قوم بھگت رہے ہیں۔اس شخص کوہمیشہ کیلئے سیاست سے بے دخل کرنا چاہیے جب تک یہ سیاست میں رہے گا ملک میں انتشار پھیلائے گا۔