• news

صنعتیں ملک کی ترقی ، خوشحالی میں نہایت اہم کردار کی حامل ہیں:عمر سرفراز 

لاہور(کامرس رپورٹر) ایگزیکٹو بورڈ ممبر پیاف عمر سرفراز نے کہا ہے کہ صنعتیں کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں نہایت اہم کردار کی حامل ہوتی ہیں۔ معیشت کے مدار کو چلانے اور ملک میں نظام کاروبار کے پہیئے کو رواں رکھنے میں صنعتیں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ صنعتوں کی چمنیوں سے نکلنے والا دھواں کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔ صنعتیں اندرون ملک روزگار کی فراہمی اور لاکھوں گھروں کے چولہوں میں ایندھن فراہم کرتی ہیں۔ بیرون ملک تجارت اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ بھی صنعتوں کے ہی مرہون منت ہے۔ بین الاقوامی دنیا میں کئی ایسی مثالیں موجود ہیں کہ تباہ حال معاشی صورتحال کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے میں صنعتوں نے اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ پرائیویٹ انڈسٹریل سیکٹر ملک کے ہزاروں اعلی تعلیم یافتہ اور باصلاحیت ذہنوں کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے انہیں بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔ پاکستان کی صنعتوں میں تیار ہونے والے پراڈکٹس بھی پوری دنیا میں معیار کے اعتبار سے منفرد مانے جاتے ہیں۔ حکومت صنعتی حلقوں کے مسائل حل کرکے سازگار حالات فراہم کرے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستانی پراڈکٹس دنیا بھر میں اپنے معیار کے ساتھ شاندار مقام پر کھڑی ہونگی۔

ای پیپر-دی نیشن