آٹے کی نقل و حمل پر پابندیاں غیر آئینی ہیں:فلورملزایسوسی ایشن
لاہور(کامرس رپورٹر ) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں آٹے کی بین الاضلاعی اور بین الصوبائی نقل و حمل پر غیر اعلانیہ، غیر آئینی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے غیر پیداواری علاقوں میں آٹے کی ترسیل بری طرح متاثر ہوئی ہے اور آٹے کے نرخوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔گزشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اس اقدام کا بوجھ صارفین اٹھا رہے ہیں۔ ترسیل پر ناروا پابندیاں بلا جواز ہیں۔ پاکستان کا آئین ملک بھر میں آزادنہ کاروبار اور نقل و حمل کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کی ہے کہ فوری طور پر معاملے کا نو ٹس لیں اور غیر اعلانیہ، غیر آئینی اور بلا جواز پابندیوں کا فوری خاتمہ کروائیں تاکہ مارکیٹ میں آٹے کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھا جاسکے اور صارفین کو مناسب نرخوں پر بنیادی غذا آٹا مہیا ہو سکے۔