اعلیٰ عدالتی شخصیت کی موجودگی تک کسی اتحادی کو الیکشن منظور نہیں ہوگا
لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنمائوں کا مشاورتی اجلاس ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹائون میں ہوا۔ جس میں سینئر لیگی قیادت، وفاقی وزرا، معاونین خصوصی شریک ہوئے جبکہ پارٹی قائد نواز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، معاونین خصوصی ملک احمد خان اور عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر شریک ہوئے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اجلاس کے شرکاء کو پی ٹی آئی سے جاری مذاکرات اور پی ٹی آئی قیادت کے مطالبات بارے بریفنگ دی۔ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے مذاکرات اور پاکستان کو ملنے والی ممکنہ امداد کے متعلق بھی بریفنگ دی۔ مشاورتی اجلاس میں ایک ہی دن انتخابات کروانے کی ممکنہ تاریخ اور پی ٹی آئی سے مذاکرات پر اتحادیوں کو اعتماد میں لینے پر اتفاق کیا گیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس تقریباً 2 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔ پی ٹی آئی قیادت سے منگل کے روز دوبارہ مذاکرات کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔ لیگی رہنمائوں نے اجلاس میں تجویز دی کہ انتخابات سے قبل ایسی عوامی پالیسیاں بنائی جائیں جس سے عوام کو بھرپور ریلیف دیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق شرکاء نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت فوری طور پر انتخابات نہیں ہو سکتے کیونکہ اب تک آئی ایم ایف سے پاکستان کو مطلوبہ فنڈز نہیں ملے۔ ملک میں آئندہ عام انتخابات کا فیصلہ آئی ایم ایف سے فنڈز ملنے کے بعد ہی ہو گا، اعلی عدالتی شخصیت کے اپنے عہدے پر برقرار رہنے تک مسلم لیگ (ن) سمیت کسی بھی اتحادی کو الیکشن منظور نہیں ہو گا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہیں جس میں جلد کامیاب ہوں گے۔ عوام کو بہت جلد عوامی ریلیف کی خوشخبری دیں گے جن سے ان کی مشکلات کم ہوں گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ موسم گرما کے دوران عوام کو بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن انجینئر خرم دستگیر سے ملاقات کے دوران کہی۔ انجینئر خرم دستگیر خان نے وزیر اعظم کو توانائی کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی کہ بجلی کی ترسیل میں نمایاں بہتری کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے بجلی کی نئی ٹرانسمیشن لائنوں کی جلد تکمیل کی بھی ہدایت کی۔ جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ممبران قومی اسمبلی رائو محمد اجمل اور عرفان ڈوگر نے الگ الگ ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں حلقہ سے متعلقہ معاملات اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔