عمران امریکہ سے دیلنگ کیلئے سخت، شہباز شریف موافق رہے: امریکی رکن کانگریس
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی ایوان نمائندگان کے رکن کانگریس بریڈ شرمین کا کہنا ہے کہ عمران خان امریکہ سے ڈیلنگ کے لئے سخت جبکہ شہبازشریف موافق رہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کے رکن کانگریس میں بریڈ شرمین کا ایوان نمائندگان میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کچھ لوگ کہتے ہیں پاکستان میں امریکہ حامی حکومت تعلقات کے لئے آسان ہوتی ہے محکمہ خارجہ اتفاق کرے گا۔ امریکہ کے لئے جمہوریت اور قانون کی حکمرانی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان امریکہ سے ڈیلنگ کے لئے سخت جبکہ شہبازشریف موافق رہے مگر سوال جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کا ہے۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا پنجاب اور اس کے بعد دیگر صوبوں میں انتخابات ہونے چاہئیں۔ پنجاب اور اس کے بعد دیگر صوبوں میں انتخابات کا حکم قانون کی حکمرانی ہے۔ میرے خیال میں سپریم کورٹ کا حکم حتمی اور ناقابل اپیل ہے۔ سپریم کورٹ کا فنڈ جاری کرنے کا حکم صوبائی انتخابات کے لئے ضروری ہے۔ بریڈ شرمین کا کہنا تھا کہ امریکہ کسی پالیسی، طاقتور یا حکومت کے ساتھ نہیں کھڑا ہے۔ امریکہ صرف جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑا ہے۔ امریکہ انسانی حقوق، آزادی اظہار رائے کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لاپتہ ہونے، انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور تشدد کے ٹھوس ثبوتوں پر تشویش ہے۔ پاکستان میں انسانی حقوق، جمہوریت، قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ کانگرس مین کا کہنا تھا سب سے اہم یہ کہ پاکستان میں اکتوبر 2023ء میں عام انتخابات طے ہیں۔ پاکستان کے لئے وقت پر آئینی اور شفاف انتخابات سے زیادہ کچھ اہم نہیں ہے۔ پاکستان میں انتخابات جیتنے والے کو حکومت کرنے دینے سے زیادہ کچھ اہم نہیں ہے۔