• news

نواز شریف چپ، سازشی رسوا ہورہے، عمران کو مسلط کرنے والے ملکی مجرم: مریم نواز

لاہور ( نیوز رپورٹر) مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کو مسلط کرنے والے پاکستان کے مجرم ہیں اور قرار واقعی سزا کے مستحق ہیں۔ ریاست انصاف کی منتظر ہے۔ ٹوئٹر پر بیان میں مریم نواز نے کہا ہے کہ جن کے ریٹائر ہوکر یہ حالات ہیں، سوچیں جب وہ طاقت کے نشے میں اپنی کرسیوں پر فرعون وقت بنے بیٹھے تھے تو کس طرح اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہوں گے۔ نواز شریف چپ ہے مگر اللہ تعالیٰ کی قدرت کہ اس کے خلاف سازش کرنے والے سازشیوں کا گھناؤنا چہرہ اور گٹھ جوڑ ہر روز رسوا ہو رہا ہے۔ انصاف کی سب سے بڑی کرسی پر بیٹھ کر ریاست کی تقدیر کے فیصلے ساسوں، دامادوں اور بچوں کو entertain کرنے کی خاطر یا ان کے مالی مفادات کی خاطر ہو رہے ہیں۔ دنیا کی تاریخ میں ایسا گھناؤنا عدالتی مذاق آج تک کسی ریاست کے ساتھ نہیں ہوا ہوگا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ٹکٹ فروخت کیے گئے اور زیادہ بولی لگانے والوں کو دیئے گئے۔ تمام پیسے زمان پارک میں رکھے ہوئے غلے میں جمع کیے جا رہے ہیں۔ ثاقب نیازی گٹھ جوڑ، نیب نیازی گٹھ جوڑ سے زیادہ خطرناک ہے۔ نواز شریف کو پاناما نہیں اقامہ پر نکالا گیا۔ نواز شریف کو نااہل کر کے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا گیا۔لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق عطا تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہا تحریک انصاف کے صوبائی ٹکٹوں میں پیسے کی لین دین کے معاملے پر ثبوت سامنے آ چکے ہیں۔ اعجاز چوہدری ملاقات کے کروڑوں روپے مانگتے رہے۔ پی ٹی آئی ٹکٹ کا کوئی ایک دعویدار نہیں۔ پتہ چلا ہے ایک ٹکٹ کیلئے 6 کروڑ روپے تک ادا کیے جا رہے ہیں۔ 2018ء  میں بھی جس نے زیادہ بولی لگائی اس کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ ملا۔  خواجہ طارق رحیم ہماری جماعت کے لوگوں کو دھمکی دیتے ہیں لیکن انہیں کہوں گا اگر ان کا عمر عطا بندیال سے تعلق ہے تو ان کے سامنے پیش نہ ہو۔ ثاقب نثار اور طارق رحیم نے مریم نواز کے متعلق جو بات کی وہ زیب نہیں دیتا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ چھوٹے چھوٹے ٹکٹ دلوانے پر ریٹائرڈ بابا زحمتے کو کروڑوں ملتے ہیں تو دوبارہ وزیراعظم بنوانے پر حاضر سروس کو کیا ملے گا؟۔ ممکنہ طور پر ایک اضافی سال سروس کا، اپنے پسندیدہ ججوں کی ترقیاں، قاضی فائز عیسی کا حتمی حل بصورت ایک ریفرنس۔

ای پیپر-دی نیشن