پولیس حملہ شرمناک، وزیراعظم نے مذمت کی، انکوائری کا کہوں گا: سالک حسین
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ مجھے وزیراعظم شہباز شریف نے کال کی۔ انہوں نے پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے کے معاملے پر افسوس کیا اور مذمت کی ہے۔ وزیراعظم سے بات کروں گا کہ واقعہ کی انکوائری کرانے کا اعلان کریں، میں اپنے کمرے میں تھا، شور سن کر والد کے گھر کی طرف گیا۔ والد کے گھر پہنچا تو دیکھا کہ دروازے کے شیشے ٹوٹے ہوئے ہیں۔ واقعہ میں مجھے چوٹ لگی ہے، سات ٹانکے لگے ہیں۔ چوہدری شجاعت کے بیٹے چوہدری سالک حسین اپنی پھوپھی پر برہم ہوگئے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ پولیس کا کسی کے گھر پہ حملہ کرنا انتہائی شرمناک ہے۔ حکومت کو گھروں کی حرمت کی عزت کرنی چاہئے اور پولیس کے اس عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ سیاست میں یہ سب کب تک چلتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہی صاحب کی سالی جو میری پھوپھو ہیں، نے پولیس کو بتایا کہ پرویز الہی صاحب ہمارے گھر موجود ہیں اور کہا وہ اندر ہی ہیں، توڑو دروازہ۔ پولیس نے جو کیا سو کیا لیکن اپنوں نے بھی کم نہیں کیا۔