مسئلہ کشمیر پر پاک فوج کے دو ٹوک مؤقف کو سراہتے ہیں: راجہ فاروق حیدر
اسلام آباد (این این آئی + اے پی پی) سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاک فوج ہمارا مان ہے‘ مسئلہ کشمیر پر پاک فوج کے دوٹوک مؤقف کو سراہتے ہیں‘ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے خطاب سے خونی لکیر کے دونوں جانب رہنے والے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے وزیراعظم شہباز شریف کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے تنازعہ کشمیر کے حل پر زور دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہباز شریف نے گزشتہ روز رسالپور میں پاکستان ائر فورس اصغر خان اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جموں وکشمیر کے لوگوں کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں غلام محمد خان سوپوری، سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، زمردہ حبیب، یاسمین راجہ، خادم حسین، سید سبط شبیر قمی اور محمد عاقب نے سرینگر اور جموں میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ پاکستان کشمیر کاز کی بھر پور حمایت کر رہا ہے جو مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ خطے میں مستقل امن کو یقینی بنانے کے لیے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔