فلیکس ایپ کا افتتاح‘ پی ٹی وی پروگرامز کی رسائی دنیا بھر میں ہو گی: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبر نگارخصوصی) وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی فلیکس ایپ کا افتتاح کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب پی ٹی وی لائبریری تک دنیا بھر سے رسائی ہو سکے گی۔ نوجوان 60 سے 90 کی دہائی تک کے ڈرامے‘ شوز اور دیگر پروگرام اپنے موبائل فون پر دیکھ سکیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ بے حد خوشی ہے کہ پی ٹی وی فلیکس کا آغاز کر دیا ہے۔ اتوار کو جاری ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ میرے دل کے بہت قریب ہے اور دلی اطمینان اور مسرت کا باعث ہے کہ آج اس کا باضابطہ اعلان کر رہی ہوں۔ پی ٹی وی نے گزشتہ کئی برسوں میں جو کمال تخلیقات کی ہیں وہ ایک قومی خزانے کا درجہ رکھتی ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی وی فلیکس کے افتتاح کی بے پناہ خوشی ہوئی۔ یہ پروگرام جولائی 2022ءمیں شروع کیا گیا۔ حکومت نے نوجوان نسل کو پی ٹی وی کے سنہرے دورسے متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکرٹری اطلاعات اور ایم ڈی پی ٹی وی سہیل علی خان، ڈائریکٹر نیوز اینڈ کرنٹ افیئر عون ساہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ افتتاحی تقریب میں میڈیا انڈسٹری سے منسلک خالد عباس ڈار، جاوید شیخ اور بشری انصاری بھی موجود تھیں۔ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس اپیلیکیشن کا مقصد پی ٹی وی کے سنہری دور کو زندہ رکھنا ہے ۔ ایم ڈی پی ٹی وینے کہا کہ اس اپیلی کیشن کیلئے بہت محنت کی گئی ہے۔ پی ٹی وی فلیکس ایپ میں مختلف ڈراموں اور پروگراموں کا آرکائیو مرتب کیا گیا ہے جس میں ڈرامے، ٹیلی فلمز، پی ٹی وی کے ایوارڈ شوز، موسیقی، مذہبی اور تفریحی پروگرامز اور بچوں کے پروگرامز شامل ہیں۔ پی ٹی وی فلیکس ایپ کی افتتاحی تقریب میں پی ٹی وی سے طویل عرصے تک وابستہ رہنے والے نامور فنکاروں نے بھی شرکت کی۔
مریم اورنگزیب