مزدوروں کا عالمی دن آج منایا جائے گا‘ صدر‘ وزیراعظم کے پیغامات
اسلام آباد‘ لاہور (خبرنگار+ خبر نگار خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزدوروں کا عالمی دن (آج) پیر یکم مئی کو منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جن سے مزدور رہنماﺅں کے علاوہ وفاقی وزراءاور اپوزیشن رہنما خطاب کریں گے۔ محنت کشوں کے عالمی دن کے حوالے سے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ذریعے خصوصی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ مزدوروں کا یہ عالمی دن شکاگو میں اپنے حقوق کے حصول کی خاطر جانوں کی قربانی دینے والے مزدوروں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ صدر عارف علوی نے یوم مزدور کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ اس سال ہم یوم مزدور کے موقع پرمحنت کشوں کے وقار اور ان کے بنیادی حقوق کے لیے ان کی باہمت اور بہادرانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کا تعاون صنعتی پیداوار میں اضافے کے لیے ضروری ہے اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کا باعث بنتا ہے۔ معاشی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنے کے باوجود، مزدوروں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ محنت کے غیر منصفانہ طریقوں کی حوصلہ شکنی کے لئے لیبر قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرتے ہوئے ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ موجودہ حکومت محنت کشوں کے روزگار اور حالات زندگی کو بہتر بنانے اور ان کے اور ان کے خاندانوں کے لیے بہتر رہائش، تعلیم کی سہولیات اور صحت کا تحفظ فراہم کر کے ان کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ مہنگائی کی بلند شرح اور دیگر معاشی چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مزدوروں کی کم از کم اجرت 17,500 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 25000 روپے ماہانہ کر دی ہے۔ حکومت مزدوروں کے فلاحی اداروں کے لیے خودکار، مربوط نظام تیار کرنے کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔ محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں حکم دیا ہے کہ ہم مزدوروں کے حقوق کو انتہائی اہمیت دیں اور ان حقوق کو اپنا بنیادی فریضہ سمجھتے ہوئے ان کی انجام دہی میں کوتاہی نہ برتیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی محنت کشوں کی جماعت ہے اس لئے محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی۔ آصف علی زرداری نے ملک کے تمام محنت کشوں سے کہا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دے کر ان کے ہاتھ مضبوط کریں۔
مزدور کا دن