مردم شماری‘ مخصوص اضلاع میں 15 روز کی پھر توسیع
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + اے پی پی) ترجمان ادارہ شماریات محمد سرورگوندل نے کہا ہے کہ ساتویں خانہ ومردم شماری کے کام میں مخصوص اضلاع جہاں شرح نمو مناسب حد سے کم تھی کو15 دن کی توسیع کر دی گئی ہے ۔ رہ جانے والے علا قوں کی تصدیق، کوریج کے عمل کے لیے دے دی گئی ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، کراچی، حیدر آباد، پشاور، بنوں، ڈی۔آئی -خان، ابیٹ آباد، نوشہرہ، کوئٹہ، جعفرآباد، لسبیلہ اور آزاد جموں کشمیر اور گلگت کے اضلاع اور تحصیل شامل ہیں۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے صوبوں کو تصدیقی عمل کوہر صورت 15مئی تک مکمل کرنے کی تاکید کی ہے۔ تمام صوبے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت وزیر منصوبہ بندی کو پیش کریں گے۔ صوبوں کو ہدایات کی گئی ہے کہ ساتویں خانہ ومردم شماری کا عمل ہر صورت 15 مئی تک مکمل کریں اور تمام لاجسٹک بندوبست فراہم کیے جائیں۔ علاوہ ازیں پاکستان کی ساتویں خانہ و مردم شماری میں اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق 23 کروڑ 90 لاکھ17 ہزار494 افراد کو شمار کیا جا چکا ہے۔ ترجمان پاکستان ادارہ شماریات محمد سرور گوندل نے کہا ہے کہ اب تک کے اعداد وشمار کے مطابق سندھ میں5 کروڑ48 لاکھ58 ہزار515 افراد کا شمار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 11کروڑ 68 لاکھ27 ہزار125 افراد کو گنا جا چکا ہے۔ اسی طرح سے خیبر پختونخوا میں 3 کروڑ93 لاکھ 72 ہزار462 افراد کو گنا جا چکا ہے۔ بلوچستان میں2 کروڑ94 ہزار659 افراد کا شمار ہو چکا ہے۔ کراچی میں ایک کروڑ78 لاکھ19 ہزار110 افراد کا شمار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک کروڑ17 لاکھ70 ہزار764 افراد کا شمار کیا جا چکا ہے۔