• news

بحرانوں کے ذمہ دار عمران ، مذاکرات تمام حجت ، پنچایت لگانا عدالت کا کام نہیں : خواجہ آصف 


سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان جاری مذاکراتی عمل پر سوالیہ نشان لگا دیا۔ سیالکوٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مذاکرات سے کیا نتیجہ نکلے گا؟، صرف اتمام حجت کر رہے ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی جو یہ پنچایت بٹھائی گئی ہے پتا نہیں جائز طریقے سے بٹھائی گئی ہے یا ناجائز طریقے سے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تین شہروں میں جلسے کرنے کا بیان دیا ہے، وہ جلدی سے جلسے شروع کریں تاکہ مذاکراتی عمل سے جان چھوٹے۔ عدلیہ کا کام قانون اور آئین کے مطابق فیصلے کرنا ہے پنچایت لگانا نہیں۔ کہاں لکھا ہے عدلیہ مذاکرات کروائے گی۔ عمران خان کو اب نئے سہولت کار ملے ہوئے ہیں۔ عمران خان نے وزیر آباد کا لانگ مارچ بھی کسی کے کہنے پر کیا تھا۔ اقتدار سے دوری عمران خان کو اندر سے کھائے جا رہی ہے۔ آج ملک کے تمام بحرانوں کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کو ظلم و ستم کا نشانہ اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے والے کردار آج ایک ایک کرکے بے نقاب ہو رہے ہیں۔ نواز شریف کے خلاف مذموم مہم چلائی گئی اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک کو سیاسی و معاشی عدم استحکام سے دو چار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار کا بیٹا مبینہ طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کا پی ٹی آئی کا ٹکٹ بیچ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے حالات نے کروٹ لی ہے اور پی ٹی آئی کی قیادت بے نقاب ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پاکستان کو جان بوجھ کر معاشی عدم استحکام کی طرف دھکیلا گیا اور سی پیک جیسا گیم چینجر منصوبہ جسے نواز شریف نے شروع کیا تھا اسے پی ٹی آئی کی حکومت نے بند کر دیا۔ نواز شریف کے سی پیک منصوبے کو اگر اسی طرح سے چلنے دیا گیا ہوتا تو آج ملکی معیشت کا یہ حال نہ ہوتا بلکہ ملک ترقی کر رہا ہوتا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جون کے اوائل میں بجٹ آرہا ہے جس میں تنخواہ دار طبقے سمیت عوام کو ریلیف دیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف جلد اپنے وطن واپس آئیں گے اور ملک و قوم کی خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے۔
خواجہ آصف

ای پیپر-دی نیشن