ضابطہ اخلاق : پی ٹی آئی آج ریلی منسوخ کردے ، الیکشن کمشن : انتظامیہ نے اجازت دے دی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کو آج کی ریلی منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی۔ الیکشن کمشن کی جانب سے تحریک انصاف کو ریلی نکالنے پر ضابطہ اخلاق کی شقوں کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا۔ نوٹس چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے نام جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے جلسے جلوسوں اور ریلیوں کیلئے ضلعی انتطامیہ سے اجازت لینا ضروری ہے۔ تاکہ انتظامیہ مناسب سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات کر سکے۔ تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے الیکشن کمشن کا نوٹس غیر قانونی ہے۔ اسے واپس لیا جائے۔ فواد چودھری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے چیف الیکشن کمشنر کو نوٹس واپس لینے کیلئے لکھا جا رہا ہے۔ الیکشن کمشن ہر قدم سے ثابت کر رہا ہے کہ وہ جانبدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس دیا، آپ لیبر ڈے پر ریلی نہیں نکال سکتے۔ اس کے بعد سینیٹر شبلی فراز نے حکومت پنجاب سے رابطہ کیا۔ پی ٹی آئی نے ریلی کیلئے حکومتی تحفظات دور کر دیئے۔ پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ریلی کیلئے قانونی ضابطے پورے کر دیئے ہیں۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ آج لبرٹی چوک ریلی کی خود قیادت کروں گا۔ اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ الیکشن کمشن انوکھا الیکشن کروانے جا رہا ہے جہاں مہم کی اجازت نہیں۔ تاریخ میں ایسے قواعد و ضوابط نہیں دیکھے گئے۔ جس پر تحریک انصاف کو لبرٹی مارکیٹ سے ناصر باغ تک ریلی کی اجازت مل گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی سے بیان حلفی لینے کے بعد ریلی کی اجازت دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ریلی کی اجازت دن ایک سے شام 6 بجے تک ہو گی۔ ریلی کیلئے استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے۔ عدلیہ اور اداروں کے خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہو گی۔ جلسہ گاہ اور اطراف میں اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہو گی۔