ایم کیو ایم مردم شماری پر مطمئن‘ اسی لیے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دیا: اسد عمر
کراچی (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم مردم شماری کے نتائج پر مطمئن ہے اسی لیے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دیا۔ کراچی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ خالد بھائی یہ نہ کرو، اسمبلی کے اندر اور باہر ایک ہی موقف اپناو، کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں رہنے والوں کو درست شمار کیا جائے، ہر پاکستانی کو گننا ضروری ہے، مردم شماری میں شفافیت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے معاملے پر اسمبلی میں آواز بلند کی جائے، وزارتیں چھوڑی جائیں، اگر وزارتیں نہیں چھوڑی جاتیں تو یہ صرف سیاست کر رہے ہیں، آئین میں درج ہے کہ ہر 10 سال بعد مردم شماری ہوگی، یہ مسئلہ حل ہو سکتا تھا لیکن مردم شماری پر سیاست کی گئی۔ اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ معاملات مشترکہ مفادات کونسل میں لے گئے تو وزیراعلی سندھ نے اعتراض اٹھا دیا، وزیراعلی سندھ نے جس مردم شماری پر اعتراضات اٹھائے وہ انہوں نے خود کروائی تھی، ہماری حکومت نے ڈیجیٹل مردم شماری کا فیصلہ کیا تھا۔