بھارتی پولیس تشدد سے شہید کشمیری کی موت کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش بے نقاب
اسلام آباد‘سرینگر (خبرنگارخصوصی+نوائے وقت رپورٹ) بھارتی پولیس کے تشدد کے شکار کشمیری شہری کی ہلاکت کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوششیں بے نقاب ہوگئیں۔ بھارتی میڈیا نے بھی اپنی صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے کی بجائے موت کو خودکشی قرار دینے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ بھارتی صحافی منیش شرما کی ایک آڈیو لیک نے بھانڈا پھوڑ دیا۔ لیک آڈیو میں بھارتی صحافی کو اپنے ماتحت کو حقائق مسخ کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ مقتول کے اہل خانہ نے واقعہ سے متعلق مجسٹریٹ کی انکوائری رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات میں حقائق کو مسخ کیا گیا۔ مقتول مختار شاہ کے بھائی کے مطابق مختار کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں، مختار کو پولیس نے تشدد کرکے شہید کیا۔ اس سے قبل مختار شاہ کا بھارتی پولیس کی جانب سے خود پر ہونے والے تشدد سے متعلق ویڈیو بیان بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ مختار شاہ کو پونچھ دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام میں 21 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔