• news

جرمن سفیر کی ملاقات: سراج الحق کا مسئلہ کشمیر حل کرانے پر زور‘ بھارتی مظالم سے آگاہ کیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے جرمنی کے سفیر الفریڈ گراننس نے منصورہ میں ملاقات کی اور ملک، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جرمن سفارتخانہ کے فرسٹ سیکرٹری کرسچیین باؤچر، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور نائب ناظم شعبہ امور خارجہ عبدالقدوس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے جرمنی کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کی استدعا کی اور مقبوضہ وادی میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا تذکرہ کیا، انہوں نے جرمنی سے مسئلہ فلسطین کے حل اور اسلاموفوبیا کے خلاف کردار ادا کرنے کی بات کی۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ سے کسی کا فائدہ نہیں ہوگا بلکہ اس سے انسانیت کے مسائل میں ہی اضافہ ہورہا ہے، عالمی برادری کو امن کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے جرمنی کی جانب سے پاکستانی نوجوانوں کو تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے اور سکالرشپس دینے کے عمل کی بھی تحسین کی اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تکنیکی، سائنسی شعبوں اور تجارتی تعلقات میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ جرمنی کے سفیر نے ملک میں جاری کشمکش کو ختم کرنے میں امیر جماعت کے کردار کی تحسین کی اور آپسی رابطوں کو جاری رکھنے اور مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ قبل ازیں منصورہ میں اسلامک لائیرز موومنٹ کے اجلاس سی خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے وکلا نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اجلاس میں نائب امراء جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم، اسد اللہ بھٹو، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، صدر آئی ایل ایم جسٹس (ر) محی الدین، سیکرٹری جنرل آئی ایل ایم اسد منظور بٹ ودیگر ذمہ داران شریک تھے۔

ای پیپر-دی نیشن