چناب نگر‘ مخبری پر سی آئی اے اہلکار کا ڈیرے پر دھاوا‘ تشدد سے معمر شخص جاں بحق
چناب نگر (نمائندہ نوائے وقت) سی آئی اے پولیس اہلکار کا ڈیرہ پر دھاوا، مزاحمت پر تشدد کرنے سے 75سالہ بزرگ جاں بحق، دوسرا زخمی۔ لواحقین کے احتجاج پر مقدمہ درج ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کانڈیوال کے علاقہ بہلول پور میں سی آئی اے پولیس اہلکار ایک ڈیرہ پر گئے، جہاں تلخ کلامی پر جھگڑے کے دوران مبینہ طور پر تشدد سے نذیر گلوتر اور فائرنگ سے خضر حیات زخمی ہو گئے۔ جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچایا گیا جہاںنذیر گلوتر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعہ پر لواحقین نے شدید احتجاج کیا جس پر مقتول کے بیٹے اعجاز گلوتر کی درخواست پر تھانہ کانڈیوال پولیس نے سی آئی اے پولیس اہلکار نبیل بالا سمیت پانچ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ لواحقین کی درخواست کے مطابق پولیس اہلکاروں کی مخبری کی گئی جس کی بناء پر پولیس اہلکاروں نے آ کر جھگڑا کیا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کسی ملزم کی گرفتاری کے سلسلے میں سی آئی اے پولیس اہلکار ڈیرہ پر گئے جہاں جھگڑا ہوا۔