• news

روزِ قیامت ہم سے کسی دوسرے کے بارے میں نہیں پوچھا جائے گا ،پیر نقیب الرحمن

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ر بِ کریم قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے کہ کیوں کہتے ہو وہ بات جس پر خود عمل پیرا نہیں ہوتے اسی روشنی کے ذریعے سے ہم فضا کو صاف اور معطر کر سکتے ہیں اور ربِ رحمان کی رضا وخوشنودی کو پا سکتے ہیں اس فرمان مبارک کی روشنی میں یہ بات بالکل واضح ہے کہ ہمیں اپنے آپ کو ٹھیک کرنا ہے اپنا محتسب بننا ہے اورحضور نبی رحمت  ؐ  کے فرمان مبارک کے مطابق اپنا ا وجود مخلوقِ خدا کے لئے نفع کا باعث  بنانا ہے یہ بات غور طلب ہے کہ روزِ قیامت ہم سے کسی دوسرے کے بارے میں نہیں پوچھا جائے گا کہ اس نے کیا کیا بلکہ ہم سے ہمارے متعلق سوال ہو گا کہ ہم نے اپنی زندگی کس طرح بسر کی۔ ایک ایک فرد کی معاشرے میں بہت اہمیت ہے کیونکہ فرد سے افراد اور افراد سے معاشرہ بنتا ہے اور ہمیں اپنی زندگیوں میں یہ مثبت تبدیلی لانی ہے کہ ہم صرف اور صرف خیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے ہوں اور کبھی کسی صورت ہماری ذات دوسروں پر کیچڑ اچھالنے اور لوگوں کو آپس میں دور کرنے والی نہ ہو۔ مملکتِ خدا داد پاکستان جو کہ ہمارا گھر اور ہماری چھت ہے اس کی سلامتی اور استحکام کے لئے بھی یہی فرامینِ الہی و فرامینِ نبوی  ؐ مشعلِ راہ ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا اور حضور نبی رحمت  ؐ کی انہی عظیم ترین تعلیمات سے مستفیض ہونے کے لئے کل بروز سوموار مبارک عید گاہ شریف میں ایک عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی  ؐ بسلسلہ بارہویں شریف انعقاد پذیر ہو گی جس میں خصوصی خطاب پیر محمد حسان حسیب الرحمن کا ہو گا جبکہ کثیر تعداد میں علمائے کرام، مشائخِ عظام، نعت خوانانِ عظام، وابستگانِ عید گاہ شریف اور کثیر تعداد میں عوام الناس بھی شرکت کرے گی۔ درسِ حدیثِ پاک کی محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے خصوصی دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن