• news

آٹا سکیم میں مبینہ کرپشن‘ آڈیو‘ ویڈیو لیکس کی تحقیقات کرائی جائیں: فواد چودھری

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے آٹا سکیم میں مبینہ کرپشن کے الزامات پر نیب سے تحقیقات کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ مفت آٹا سکیم میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی کے الزامات پر نیب کو تحقیقات کرنی چاہیے، پنجاب حکومت کے ذمہ داروں کو بھی کٹہرے میں لایا جائے۔ PTI دور کی طرح ڈیجیٹلائز نظام کے تحت 84 ارب کو شفافیت سے عوام تک پہنچا سکتے ہیں۔ شہباز شریف کے اصرار پر آٹے کی لائنز لگا کر آٹا بانٹا گیا، لوگوں کی جانیں گئیں اور لوگوں کی تذلیل بھی ہوئی، تو یہ سب کیا 20 ارب کیلئے کیا گیا؟۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ چھان بین کے بعد ابوذر چدھڑ پر ٹکٹ کیلئے پیسے دینے کا الزام جھوٹ نکلا۔ عدالت جعلی آڈیو جاری کرنے والوں کو بے نقاب کرے۔ تحقیقات کی جائیں ایسی آڈیو اور ویڈیو کون جاری کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن