سوڈان میں متحارب گروپ مذاکرات پر تیار: اقوام متحدہ، 75ہزار افراد کی نقل مکانی
خرطوم (این این آئی‘ انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے ایلچی وولکر پرتھیس نے بتایا ہے کہ سوڈان میں متحارب فریق مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ نمائندے وولکر پرتھیس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سوڈان میں فریقین نے مذاکرات کے لیے نمائندے نامزد کر دیے ہیں۔ مذاکرات سعودی شہر جدہ یا جنوبی سوڈان کے شہر جبہ میں ہوں گے۔ کوئی ٹائم لائن طے نہیں کی گئی ہے۔ سوڈان میں 15 اپریل سے فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان اقتدار پر قبضے کے لیے جاری خانہ جنگی میں اب تک 512 افراد ہلاک اور 4 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ یہی صورتحال رہی تو 2 لاکھ 20 ہزار افراد ملک چھوڑ سکتے ہیں۔ سوڈان کی فوج جنگ بندی میں توسیع پر رضامند ہو گئی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سوڈانی فوج کا کہنا ہے کہ پیرا ملٹری فورسز کے ساتھ 72 گھنٹوں کی جنگ بندی پر راضی ہیں۔