روس کے یوکرائن میں میزائل حملے، 5بچوں سمیت 26ہلاک
کیف (اے پی پی) یوکرائن کے مختلف شہروں پر روسی بمباری سے پانچ بچوں سمیت 26 افراد ہلاک ہو گئے۔ العربیہ نیوز کے مطا بق روس کے نئے حملوں میں وسطی یوکرائن کے تاریخی شہر اومن میں ایک رہائشی بلاک پر بھی بمباری کی گئی جہاں اے ایف پی کے صحافیوں نے امدادی کارکنوں کو تباہ شدہ رہائشی عمارت سے متاثرین کی باقیات نکالتے ہوئے دیکھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ روسی کروز میزائل حملے میں اومن شہر میں 5بچوں سمیت 26 افراد ہلاک ہوئے۔ قبل ازیں روس کے زیرِ انتظام یوکرائن کے مشرقی شہر لوگانسک سے تعلق رکھنے والے ایک 33 سالہ شہری دمتری اپنے بچوں کی تلاش میں نظر آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے بچوں کو دیکھنا چاہتا ہوں، وہ ملبے کے نیچے ہیں۔ روس میں ضم شدہ جزیرہ نما علاقے کریمیا میں یوکرائنی ڈرونز سے تیل کے ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق کریمیا کے شہر سواستوپول میں تعینات روسی نواز گورنر میخائل ریزفوژائیف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹیلی گرام پر حملے کی وڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کریمیا میں یوکرائنی ڈرونز سے تیل کے ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی ہے جس پر قابو پا لیا گیا ہے۔ دوسری جانب یوکرائنی ملٹری انٹیلیجنس کے ترجمان نے مقامی نیوز ویب سائٹ آر بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تیل کے ڈپو میں لگنے والی آگ اومن میں شہریوں بشمول پانچ بچوں کے قتل پر خدا کی طرف سے سزا ہے۔