• news

بلوچستان: بارش، ریلے، 5افراد، بہاولنگر میں آسمانی بجلی سے 2چرواہے جاں بحق

چمن‘ بہاولنگر‘ لاہور (این این آئی‘ نمائندہ نوائے وقت) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 5 افراد اور بہاولنگر میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 2 چرواہے عبدالرئوف او شاہد جاں بحق ہوگئے۔ 3 بکریاں ہلاک ہو گئیں۔ پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق  بارشوں اور سیلابی ریلوں سے  ہونے والے نقصانات میں  خضدار میں 2، مچھ، لسبیلہ میں 2 اور کیچ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق حالیہ بارشوں سے  چاغی اور پنجگور میں متعدد کچے مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ بولان پنجرہ پل کا ایک حصہ اور سوناری پل کوہلو سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ لاہور میں صبح سویرے بوندا باندی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ مال روڈ‘ لکشمی چوک‘ اسلام پورہ‘ پانی والا تالاب‘ جیل روڈ‘ وحدت روڈ کے اطراف ہلکی بارش ہوئی ہے۔ گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں تیز ہوائوں اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ گزشتہ رات مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ ادھر کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پکڑ گیا۔ شہر میں آج بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن