عمران خان بادشاہت کے نشے میں مرضی کے فیصلے چاہتا ہے:رانا تنویر
فیروزوالہ (نامہ نگار)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان آج بھی اپنی بادشاہت اور سکھا شاہی کے نشے میں ہے اور اپنی مرضی کے فیصلے چاہتا ہے لیکن اسے یاد رکھنا چاہئے کہ اس کی نیپیاں تبدیل کرنے والے جا چکے ہیں اور باقی اپنے کرتوت کی بنا ءپر جانے والے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار میڈیا سے کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہاکہ عمران خان14مئی کو تمام اسمبلیاں توڑنے کا مطالبہ کر رہا ہے، اگر وہ کہے تو درست اور ہم پورے ملک میں بیک وقت انتخابات کا کہیں تو اسے خلاف آئین کہا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی ٹولہ جھوٹ اور گند ہے جس سے مذاکرات بے معنی ہیں۔ چودھری پرویز الہی کی رہائشی گاہ پر انٹی کرپشن کے چھاپے کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ چند ماہ کی حکومت کے دوران اڑھائی سو ارب روپے کی کرپشن کے الزامات کے ساتھ مونس الہی سپین میں موجیں کر رہا ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تفتیش میں شامل نہیں ہو رہے۔ پنجاب ٹیچرز یونین کہ وفد نے وفاقی وزیر تعلیم سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت کو سرکاری ملازمین کی مشکلات کا احساس ہے اور وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔