سیاسی جماعتیں جلد کسی فیصلے پر نہ پہنچیں تو وقت انکے ہاتھ سے نکل جائےگا:امیر العظیم
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کے خلاف سنگین الزامات لگانے اور تحفظات کا اظہار کرنے والی جماعتوں کو مذاکرات کی میز پر بٹھانے میں جماعت اسلامی کابنیادی کردار ہے۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے اداروں کومتنازعہ بنایا اوربدنام کیا۔ آئے روز لیکڈ آڈیواور ویڈیوزسے ناصرف عدلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا بلکہ سکیورٹی اداروں اور عوام کے درمیان بھی سخت بے چینی پائی جارہی ہے۔ سیاسی جماعتیں جلد کسی فیصلے پر نہ پہنچیں تو وقت ان کے ہاتھ سے نکل جائے گا اور پھر سب ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح پارک شیخوپورہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام عید ملن پروگرام کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پروگرام کے شرکاءسے ضلعی امیر رانا تحفہ دستگیر احمد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سابق امیر ضلع شیخ محمد جمیل،سٹی امیرڈاکٹر میاں محمد رمضان اور جے آئی یوتھ شیخوپورہ کے صدر حافظ محمد عرفان گجر بھی موجود تھے۔امیر العظیم نے کہا کہ سابقہ اور موجودہ حکومت کے غلط فیصلوں سے ملک بدترین معاشی اور سیاسی بحران کا شکار ہے جس کی عوام کو مہنگائی کی صورت میں بھاری قیمت چکانا پڑرہی ہے۔جان لیوا مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ملک میں مایوسی اور بے یقینی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔