موجود ملکی نظام مزدوروں کے معاشی ریلیف میں ناکام ہوچکا:خالد مسعود سندھو
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے یکم مئی محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں مزدوروں اور محنت کشوں کا بنیادی کردار ہوتا ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ موجود ملکی نظام محنت کشوں اور مزدوروں کو معاشی ریلیف دینے میں بالکل ناکام ہوچکا ہے۔ دنیا بھر میں ریاست کی جانب سے محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں مگر بدقسمتی سے ہمارے ملک میں مزدور طبقے کو قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک انکے بنیادی حقوق نہیں ملے ہیں۔ گزشتہ 75 برسوں سے پاکستان کے اقتدار پر قابض جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے ملک کے مزدور طبقے کو اپنا غلام بنا کر رکھا ہوا ہے آج حکمرانوں کی نا اہل پالیسیوں کے سبب سرکاری اداروں اور صنعتوں کی ڈاو¿ن سائزنگ کر کے ہزاروں مزدوروں کو ملازمتوں سے نکالا جا چکا ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے مزدور اور محنت کش بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محنت کشوں کو ان کے بنیادی حقوق سمیت ان کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے تاکہ اس مہنگائی کے دور میں مزدور اور محنت کش اپنی فیملی کا با ٓسانی پیٹ پال سکیں۔