اشرف جلالی کی اپیل پر ملک بھر میں ”یومِ بحالی آثارِ رسول“ منایا گیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کی اپیل پر گزشتہ روز ملک بھر میں ”یومِ بحالی آثارِ رسول“ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں مرکزی ”بحالی آثارِ رسول کانفرنس“ کا انعقاد جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں کیا گیا۔ ”بحالی آثارِ رسول کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حکومت پاکستان کو جنت البقیع سمیت تمام آثارِ رسول کی بحالی کا مطالبہ کرنا چاہیے۔ سعودی حکومت امت مسلمہ کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے آثارِ رسول کو بحال کرے۔ ارض الوحی میں یہود و نصاریٰ کے کھنڈرات محفوظ کیے جارہے ہیں جبکہ بانی اسلام حضرت محمد مصطفی کے مقدس آثار چن چن کر مٹا دئیے گئے ہیں۔ عصر حاضر میں مسلمانوں کی تنزلی کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ اس امت کو اپنے رسول کے آثار سے محروم کر دیا گیا ہے جن سے امت مسلمہ کی بیٹری چارج ہوتی ہے اور مقدس جذبات کو تقویت ملتی ہے۔ کانفرنس میں علامہ محمد ادریس جلالی، مفتی محمد فرید احمد جلالی، محمد کتاب جان، میاں محمد الیاس جلالی، محمد منیر قادری، حاجی محمد بوٹا، شیخ محمد حنیف شرقپوری و دیگر نے شرکت کی۔