اچھرہ کے رہائشیوں کی گاڑی دریائے نیلم میں گر گئی ، ایک جاں بحق ، 7 لاپتہ
لاہور‘ بہاولنگر (نامہ نگار+ اے پی پی) اچھرہ کے رہائشی خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ سیروتفریح کے لئے جانے والے خاندان کی گاڑی دریائے نیلم میں جاگری۔ حادثہ کا شکار ہونے والوں میں سے آٹھ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جبکہ تین محلہ دار تھے۔ اہل خانہ کے مطابق حادثہ میں مرنے والے ایک نوجوان کی نعش مل گئی۔ تین زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ 7 افراد کی تلاش جاری ہے۔ جمعرات کی رات وادی نیلم کی سیر کو روانہ ہوئے تھے واپس نہ آسکے۔ حادثہ کا شکار ہونے والوں میں غلام میرا، معین، حسنین شہزاد ، شاہ نواز، مقصود، ولید ابرار، حسن صفدر، زین صفدر، بلال مقبول، اظہر اشرف، رحیم خان، راحیل شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف غلام میرا کی نعش مل سکی ہے۔ معین، زین صفدر اور حسنین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ افسوسناک حادثے کے بعد لواحقین اور اہل محلہ کی ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہمارے بچوں کو جلد سے جلد ڈھونڈ کر لاہور لایا جائے۔ حادثے کا شکار ہونے والے شاہ نواز اور زین شادی شدہ تھے۔ زین کی 5 سالہ بیٹی اور 3 سالہ بیٹا والد کے واپس آنے کا انتظار کر رہے تھے کہ حادثے کی خبر سن کر شدید پریشان ہو گئے ہیں۔ ادھر بہاولنگر ہیڈ سیون آر کے قریب تیز رفتار رکشہ نہر ہاکڑہ میں گر گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ڈوب گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بچوں اور خواتین سمیت 4 نعشیں نکال لی گئیں، چار افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ ایک بچی کی تلاش جاری ہے۔ نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا، پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔
دریائے نیلم