• news

عمران کا مقصد افراتفری پھیلانا ، ثاقب نثار بابا رحمتے نہیں بابا زحمتے : رانا ثنا 

فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلانا ہے۔ پینسرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان 126 دن دھرنے میں گالیاں دیتا رہا۔ عمران خان نے چینی صدر کے دورہ کے موقع پر دھرنا ختم کرنے سے انکار کیا۔ عمران خان کی وجہ سے سی پیک میں ایک سال کی تاخیر ہوئی۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ثاقب نثار ملک کے لیے بابا رحمتے نہیں بلکہ بابا زحمتے ثابت ہوا۔ نوازشریف کو ناحق سزا دینے کے لئے پتا نہیں کتنے کروڑ لئے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک سب کے سامنے ہے۔ ثاقب نثار کے فیصلوں سے پاکستان کو نقصان پہنچا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمرانی فتنہ کو سازش کے تحت مسلط کیا گیا۔ 2018ءکے الیکشن میں دھاندلی کی گئی۔ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب نے کہا ہے کہ الیکشن اسی سال ہوں گے۔ جب بھی انتخابات ہوئے ڈٹ کر حصہ لیں گے۔ جس کے بعد نواز شریف کی قیادت میں ایک بار پھر شاندار ملکی تعمیر و ترقی کا سفر شروع کیا جا ئے گا۔ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی سے ملک میں دہشت گردی نے سر اٹھایا۔ سمجھ سے بالاتر ہے کہ دہشت گردوں کو واپسی کا راستہ کیوں دیا گیا۔ محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا گیا جبکہ موجودہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ پی ٹی آئی حکومت کی غلط پالیسیاں ہیں کیونکہ اپنے چار سالہ دور حکومت میں ان لوگوں نے جان بوجھ کر سستی ایل این جی درآمد نہیں کی۔

ای پیپر-دی نیشن