سابق گورنر عمر سرفراز ان کے بھائی سمیت 17 افراد پر اغوائ، اراضی پر قبضے کا مقدمہ
وزیر آباد+گوجرانوالہ(نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی رہنماءسابق گورنر عمر سرفراز چیمہ ان کے بھائی تنویر صفدر چیمہ سمیت 9 نامزد 8 نامعلوم افراد کے خلاف موضع گجوی باگڑیاں میں اراضی پر قبضہ، تشدد اور اغوا کروانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج۔ تھانہ گکھڑ میں درج ایف آئی آر نمبری 390/23 میں کوٹ عنایت خان کی رہائشی مہوش بشارت بیوہ صفدر ظہیر چیمہ (مرحوم) کے مطابق اس کی موضع گجوی باگڑیاں میں زرعی اراضی پر فاروق، قدوس، اسد، علی پسران صادق، صادق ولد نیامت، ذیشان ولد اشرف، مبشر، امجد کلیر، لالہ مجاہد اور 8 نامعلوم ملزمان اراضی پر قبضہ اورکھڑی فصل کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ وہ رﺅف ناظر، سمیرا سلطان اور سرفراز ورک کے ہمراہ موقع پر پہنچی تو ملزمان نے اسلحہ کے زور پر گاڑی کے شیشے توڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور اغوا کرنا چاہا۔ مہوش بشارت کے مطابق سارا واقعہ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، ان کے بھائی تنویر صفدر چیمہ کی ایماءپر کیا ہے۔