• news

سارا ’’رولہ‘‘ ستمبر کا‘ مذاکرات بے سود‘ الیکشن اکتوبر میں ہونگے: خواجہ آصف

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیردفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ سارا رولہ ستمبر کا ہے۔ سمجھ  آئی جی؟ نجی ٹی وی نے سوال کیا کہ عمران خان چاہتے ہیں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی ستمبر میں ریٹائرمنٹ سے پہلے الیکشن ہو جائیں۔ آپ چاہتے ہیں ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد الیکشن ہوں؟ خواجہ آصف نے جواب میں کہا کہ ہم یہ نہیں چاہتے ہیں کہ الیکشن ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہوں۔ وقت پر ہوں۔ اکتوبر میں سارے اکٹھے ہوں۔ مذاکرات کا کھیل سیاستدان کرتے رہتے ہیں۔ عمران خان سے مذاکرات بے سود ہیں۔ الیکشن اپنے وقت پر یعنی اکتوبر میں ہونگے۔ ہمیں مذاکرات کا کہنے والے ججز خود تقسیم کا شکار ہیں۔ ججز پہلے اپنے اندر اتحاد کیلئے مذاکرات کریں۔عمران خان نے پرویز الٰہی کو ڈاکو کہا اور پارٹی صدر بنا دیا۔ سیاستدانوں کو گرفتاریوں میں مزاحمت نہیں کرنی چاہئے۔ پرویز الٰہی کے خلاف متعدد تحقیقات چل رہی ہیں۔ پرویز الٰہی کو عزت کا خیال ہوتا تو گرفتاری دیتے۔ مذکرات کے مشورے دینا بند کریں، آپ چاہتے ہیں پنجاب میں الیکشن ہوں اور باقی صوبوں میں گریز کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن