سوڈان: مزید 93 پاکستانی واپس‘ 48 گھنٹوں میں تمام شہری نکال لیں گے: دفتر خارجہ
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ اے پی پی+ این این آئی) سوڈان میں پھنسے مزید 93 پاکستانی پی کے 754 کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابپق اس سے قبل وہاں سے 636 پاکستانیوں کو ایئرفورس کی 5 خصوصی پروازوں کے ذریعے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لایا گیا تھا۔ ترجمان دفترخارجہ نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ الحمدللہ سوڈان سے تمام پاکستانیوں (قریباً 1 ہزار) کے انخلاء کا عمل آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مکمل کر لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہا ہے کہ حکومت واپس آنے والے شہریوں کو گھر تک جانے کے لئے کرایہ کی رقم بھی فراہم کر رہی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ سعودی طیارہ کے ذریعہ 45 سعودیوں اور 88 غیر ملکیوں کو سوڈان سے جدہ منتقل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس طرح انخلا کے سعودی آپریشن میں اب تک 184 سعودیوں سمیت 5 ہزار 197 افراد کو سوڈان سے نکالا جا چکا ہے۔ اس طرح سوڈان سے 5 ہزار 13 غیر ملکیوں کا انخلا کیا گیا۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی ناظم الامور حسن زرانگار نے شاہ عبداللہ ایئربیس پر سوڈان سے آنے والے ایرانی شہریوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے سوڈان سے ایرانی شہریوں کو نکالنے میں تعاون پر سعودی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی اور ریاض کا شکریہ ادا کیا۔