ظل شاہ قتل: عدالتی حکم پر مسرت چیمہ کی مدعیت میں کراس ایف آئی آر درج
لاہور (نامہ نگار) تھانہ سرور روڈ پولیس نے زمان پارک میں پولیس آپریشن کے دوران پی ٹی آئی کارکن بلال عرف ظل شاہ کے قتل پر پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کی مدعیت میں عدالتی احکامات پر ایف آئی آر (کراس ورشن) درج کر لی ہے۔ جبکہ ذرائع کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس کی جانب سے کراس ورشن ایف آئی آر خارج بھی کردی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بلال عرف ظل شاہ کے حادثے کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں تھانہ سرور روڈ میں درج ہے۔ بلال عرف ظل شاہ کے والد کے بیان کے مطابق بلال عرف ظل شاہ کی موت ایک حادثے کی وجہ سے ہوئی۔ حادثے میں ملوث ملزمان گرفتار ہیں جبکہ اس کے والد کا کہنا ہے کہ میرے علاوہ کوئی بھی ظل شاہ کی حادثاتی موت کا کوئی مدعی نہیں بن سکتا ہے۔ جس پر انویسٹی گیشن پولیس کی جانب سے کراس ورشن ایف آئی آر خارج کر دی گئی ہے۔ واضح رہے بلال عرف ظل شاہ کے قتل کی کراس ورشن کی درخواست تھانہ ریس کورس میں دی گئی تھی۔