یوکرائنی فضائی دفاع نے15 روسی میزائلوں کو تباہ کر دیا
کیف (این این آئی)یوکرین کے فضائی دفاعی عملے نے پیر کی صبح سویرے روسی افواج کی طرف سے داغے گئے 18 میں سے 15 میزائلوں کو تباہ کر دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یوکرینی فوج نے کہا کہ ماسکو نے حالیہ دنوں میں اپنے پڑوسی پر حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔ یوکرین کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف والیری زلوزنی کے ٹیلی گرام چینل پر ایک پوسٹ میں بتایا گیا کہ مقامی وقت کے مطابق تقریبا 2:30 بجے ( یا جی ایم ٹی وقت کے مطابق 1130 بجے )روسی سٹریٹجک ہوا بازی کے طیاروں نییوکرین پر حملہ کیا۔ داغے گئے 18 میزائلوں میں سے 15 کو تباہ کر دیا گیا ہے۔کیف کے حکام نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرامپر لکھا کہ دارالحکومت کی طرف داغے گئے تمام میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ تین دنوں میں شہر پر یہ دوسرا حملہ تھا۔کیف کی شہری انتظامیہ نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق شہری آبادی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ رہائشی سہولیات یا بنیادی ڈھانچے کی کوئی تباہی بھی ریکارڈ نہیں کی گئی۔ دنیپرو کی علاقائی کونسل کے سربراہ میکولا لوکاشوک نے کہا کہ روس نے رات گئے یوکرین کے دیگر علاقوں پر بھی میزائل داغے ہیں۔ دنیپرو پر بھی میزائل داغے گئے۔ یہاں پر بھی فضائی دفاعی عملے نے سات میزائلوں کو مار گرایا تاہم 25 افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح مشرقی یوکرین کے شہر پاولوہراڈ پر دو بار حملہ کیا گیا۔ حملے میں ایک صنعتی ادارہ، 19 اپارٹمنٹ عمارتیں اور 25 نجی عمارتوں سمیت دیگر کو نقصان پہنچا ہے۔دوسری طرف علاقے زاپوریژیا کی روسی حمایت یافتہ انتظامیہ کے ایک اہلکار ولادی میر راگوف نے پوسٹ کی اور شہر پاولوہراڈ میں آگ لگنے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ روسی افواج نیاس شہر میں فوجی اہداف پر حملہ کیا ہے۔