• news

پارلیمنٹ اپنے آئینی اختیارات کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جائے گی : مریم اورنگزیب 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے چار سال اپنے دماغ سے صرف ملک کو لوٹا، باقی سب دوسروں کے کہنے پر کیا۔ جنرل باجوہ نے عمران خان اور عمران خان نے 22 کروڑ عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا تھا۔ تمہیں کبھی آئی ایس آئی نے دوسروں کی کرپشن کا بتایا، کبھی باجوہ نے بتایا کہ تمہارے ثبوت کہاں ہیں۔ عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے سوال کیا کہ باجوہ اپنی توسیع کے لئے امریکہ سے لابنگ کر رہا تھا اور تم بند کمرے میں اسے تاحیات ایکسٹینشن کی آفر کر رہے تھے؟۔ عمران خان نے چار سال صرف اپنی بیگم اور ان کی سہیلی فرح گوگی کو نوازا۔ عمران خان نے آٹا، چینی، بجلی اور گیس مافیاز کو نوازا۔ ملک میں مارشل لا لگا دیں کا بیان فارن فنڈڈ فتنے کی اصل نیت اور مقاصد کا ثبوت ہے۔ عمران خان نے سازش کر کے پنجاب اور خیبر پی کے کے نمائندوں کی توہین کی ہے۔ قانون سازی سے شفاف اور منصفانہ نظام دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ اپنے آئینی اختیارات کے تحفظ کے لئے آخری حد تک جائے گی۔ عدلیہ کا اختیار آئین و قانون کی تشریح کرنا ہے، آئین ری رائٹ کرنا یا قانون سازی کے اختیار پر پابندی لگانا عدلیہ کا اختیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے وکلا برادری، بار کونسلز اور ایسوسی ایشنز کے دیرینہ مطالبہ پر قانون سازی کی۔ آرٹیکل 184(3) سے متعلق قانون سازی سے عدلیہ کے اختیار، آزادی وخود مختاری میں کوئی کمی نہیں کی گئی، اس قانون سازی سے ون مین شو اور امپیریل کورٹ جیسے اعتراضات ختم کئے گئے۔ سپریم کورٹ کے تین سینئر موسٹ ججز مشاورت سے یہ اختیار استعمال کریں گے۔ 
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن