متعدد شہریوں کو ڈاکوؤں نے نقدی، موٹر سائیکل، قیمتی سامان سے محروم کر دیا
لاہور (نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میںغلام رسول کے گھرکے تالے توڑ کر 34لاکھ 45ہزار، مناواں میں بابر کے گھر سے 16لاکھ 65ہزار زیورات و دیگر سامان چوری کر لیا۔ ڈاکوؤں نے اسلام پورہ میں عباس کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر4 لاکھ 90 ہزار، زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، نواب ٹاؤن میں سرفراز اور اس کی فیملی سے اسلحہ کے زور پر 3لا کھ 42ہزار، زیورات اور موبائل فون،گرین ٹاؤن میں شہروز کی بلڈنگ میٹریل کی دکان سے گن پوائنٹ پر 3 لاکھ 50 ہزار، موبائل فون، جنوبی چھاؤنی میں مظفر کی دکان سے گن پوائنٹ پر 2 لاکھ 57ہزار، مانگا منڈی میں فیصل سے موٹر سائیکل، موبائل فون اور ہزاروں روپے، مغلپورہ میں رضوان اور رمضان سے ہزاروں روپے اور 2موبائل فون، قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ میں شبیر سے13ہزار اور موبائل فو ن لوٹ لیا۔ چوروں نے ڈیفنس، ماڈل ٹاؤن، چوہنگ، ہنجروال اور جوہر ٹاؤن کے علاقوں سے5کاریں، سندر اور مزنگ کے علاقوں سے 2رکشے جبکہ نیو انارکلی، سمن آباد، شادمان، لوئر مال، مانگا منڈی، ٹاؤن شپ اور شاہدرہ کے علاقوں سے10 موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔