• news

عثمان بزدار نیب میں پیش، تحقیقاتی ٹیم کو مطمئن کرنے میں ناکام

لاہور (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مبینہ کرپشن اور کرپٹ پریکٹس کیس کی تفتیش کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں پیش ہوئے جہاں ان سے دو گھنٹے سے زائد وقت تک تفتیش کی گئی تاہم وہ تحقیقاتی ٹیم کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔ ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نے گزشتہ پیشی پر سوالنامہ کے جوابات دینے سے معذرت کی تھی۔ نیب حکام نے عثمان بزدار کو دوبارہ طلب کر رکھا تھا۔ نیب حکام نے ان سے تونسہ اور ڈی جی خان میں جاری کیے جانے والے ترقیاتی فنڈز سے متعلق بھی سوال کیے۔ 30سوالات میں سے صرف 4 کے جوابات جمع کرائے جبکہ عثمان بزدار سے 40ارب روپے کے منصوبوں کا ایک ہی روز افتتاح پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ نیب لاہورآج (بدھ) احتساب عدالت میں عثمان بزدارکے عدم تعاون کی رپورٹ جمع کروائے گا۔ دوسری جانب اینٹی کرپشن کی ٹیم  تحریک انصاف کے رہنما عثمان بزدار کو گرفتار کرنے پنجاب یونیورسٹی پہنچ گئی۔ جبکہ پنجاب یونیورسٹی ترجمان نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی پنجاب یونیورسٹی میں رہائش پذیری اور اینٹی کرپشن کے چھاپے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سردار عثمان بزدار نہ تو پنجاب یونیورسٹی میں رہائش پذیر ہیں اور نہ ہی اینٹی کرپشن حکام نے اس سلسلے میں یونیورسٹی میں کوئی چھاپہ مارا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن