مالاکنڈ،بٹ خیلہ میں طوفانی بارش نے شہر ڈبو دیا،بجلی کی فراہمی بھی معطل
مالاکنڈ (آئی این پی ) خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ میں طوفانی بارشوں نے شہر ڈبو دیا، بجلی کی فراہمی بھی معطل۔ تفصیلات کے مطابق مالاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ میں گزشتہ روز طوفانی بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ طغیانی کی وجہ سے نالوں کا پانی بازار میں داخل ہوگیا جو کئی ریڑھیاں بہا لے گیا۔ بارش کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ دوسری طرف ضلع کرم میں بھی شدید بارشوں کے باعث ندی نالیوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ کرم کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے طغیانی کا خدشہ ہے۔ لوئر کرم کے مختلف گاوں میں اس وقت سیلابی ریلے نے تباہی مچا رکھی ہے۔ دریائے کرم میں نچلے درجے کے سیلاب کی وجہ سے کئی کھیت متاثر ہوئے ہیں جبکہ لوئر کرم کے گاں ٹنگے میں سیلاب کے باعث گندم کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ضلع کرم اور ضلع مالاکنڈ میں آج اور کل بھی طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پنجگور میں بارشوں کے باعث دیواریں گرنے کے واقعات میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پراوینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے، کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں سے متعدد سڑکوں کا ملبہ برساتی پانی میں بہہ گیا۔ کیچ، پنچگور، چاغی و لسبیلہ میں واقع گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کا سروے کیا جا رہا ہے جبکہ خضدار کے علاقے میں ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔