ٹیم میں کردار فنشر کا، افتخار احمد: ثقلین مشتاق ’’گروہیں‘‘، ایش سوڈھی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا ،دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈے نائٹ ہو گا جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے تین بجے ہو گا، پاکستان کو مہمان کیوی ٹیم کیخلاف پانچ میچوں کی سیریز میں کیویز کیخلاف 0-2کی برتری حاصل ہے ۔قومی ٹیم کے بیٹر افتخار احمد نے کہا ہے کہ میرا ٹیم میں کردار فنشر کا ہے اور اس کردار کو ہمیشہ نبھانے کی کوشش کرتا ہوں۔ آسٹریلیا کیخلاف آخری میچ کھیلا، ویسٹ انڈیز ٹور میں باہر بیٹھا رہا، اب ٹیم میں واپسی پر خوشی ہوئی ہے‘ ہمیشہ ٹاپ آرڈر پرفارم کرتا ہے، اس لئے مجھے مڈل آرڈر میں زیادہ موقع نہیں ملا، میرا فوکس یہی ہے کہ اچھا پرفارم کر کے ٹیم کو کامیابی دلواں، بطور پروفیشنل یہی سوچتا ہوں کہ 2گیندیں کھیلوں یا 5، اپنی ٹیم کیلئے کھیلوں۔ مینجمنٹ ہمیشہ یہی کہتی ہے کہ جا کر اپنا نیچرل گیم کھیلو، مجھے جہاں بھی موقع ملتا ہے، میں اپنی کو انجوائے کرتا ہوں، میرا ہدف یہی ہے کہ ورلڈ کپ کھیلوں اور ٹیم کو کامیابی دلواں۔نیوزی لینڈ ٹیم کے سپنر ایش سوڈھی نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان کیلئے ہماری بی ٹیم گرین شرٹس کے مدمقابل ہے، جسے تجربہ نہیں! چند کھلاڑی تجربہ کار ہیں جبکہ بیشتر کھلاڑی غیر تجربہ کار، ون ڈے کرکٹ میں ٹمپرامنٹ کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔ ثقلین مشتاق کی موجودگی ہمارے لئے فائدہ مند ثابت ہورہی ہے، انہیں پیار سے ’’گرو‘‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے گزشتہ دونوں میچز میں فخر زمان نے بہت ہی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ ہماری ٹیم ولیمسن کو کمی کو ضرور محسوس کررہی ہے، وہ دنیا کے بہترین پلیئرز میں سے ایک ہیں۔انڈین پریمئیر لیگ میں شریک ہمارے کھلاڑیوں کو عالمی کپ کیلئے تیاریوں میں مدد مل رہی ہے تاکہ ورلڈکپ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرسکیں۔