• news

کے الیکٹرک بجلی 3.70 روپے باقی ملک کیلئے 34 پیسے یونٹ مہنگی

اسلا م آباد (نامہ نگار) نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی 3.70 روپے باقی ملک کیلئے 34 پیسے مہنگی کر دی ہے۔ نیپرا اتھارٹی کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ اضافے کا اطلاق کے الیکڑک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔ نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ کے الیکڑک نے مارچ میں اپنے ذرائع سے 26 روپے 44 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی جبکہ وفاق سے ملنے والی بجلی کی لاگت 9 روپے 50 پیسے فی یونٹ رہی۔ چئیرمین نیپرا کے مطابق گزشتہ 5،7 سال میں کے الیکٹرک نے زیادہ بہتری نہیں دکھائی۔ درآمدی فیول پر بجلی کی پیداوار انتہائی مہنگی ہوچکی ہے۔ اضافے سے کراچی کے شہریوں پر 5 ارب 47 کروڑ 10 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ باقی ملک کیلئے نیپرا نے بجلی 34 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی ہے۔ یہ اضافہ بھی مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ بجلی صارفین پر 2 ارب 90 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ بجلی صارفین کو مئی کے بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن