حکومت تباہی پرتلی ہے، عوام پرسوں چیف جسٹس سے یکجہتی کیلئے نکلیں : عمران
لاہور (نیٹ نیوز) عمران خان نے قوم سے پرسوں ہفتہ کو چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کردی۔ ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہفتہ کو نماز مغرب سے ایک گھنٹہ پہلے ہر شخص اپنے گھروں، گلی، محلوں سے چیف جسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی اور آئین کی حکمرانی کے لئے باہر نکلے۔ ہمارا ملک تاریخ کے ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔ پاکستان میں تاریخی مہنگائی اور بیروزگاری عروج پر ہے، ملک پر مافیا کا قبضہ ہے۔ اس حکومت کو الیکشن میں شکست کا خوف ہے۔ حکومت پاکستان کا آئین اور سپریم کورٹ تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ یہ مافیا چیف جسٹس اور ججز کے خلاف پروپیگنڈا کررہا ہے۔