وزیراعظم سے ملاقات، شجاعت کے گھر گئے، واقعہ پر معذرت، کارروائی ہوگی:محسن نقوی
لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ لاہور میں ہونے والی ملاقات میں صوبے میں مجموعی امن و امان کی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گندم کی بھرپور پیداوار ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ نگران وزیراعلی پنجاب چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ ظہور الٰہی روڈ گئے۔ محسن نقوی نے چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے دوران زخمی ہونے والے وفاقی وزیر سالک حسین کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا افسوسناک واقعہ پر معذرت خواہ ہوں۔ تحقیقات میں ذمہ داران کا تعین ہو گا اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پرویزالٰہی کے کارکنوں نے پولیس پر پٹرول بم پھینکے اور پتھراؤ کیا۔ کسی کو پولیس پر حملے اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے رہائش گاہ آمد پر نگران وزیر اعلی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے مزار حضرت بی بی پاکدامن کا دورہ کیا اور مزار حضرت بی بی پاکدامن پر حاضری دی اور دعا کی۔ محسن نقوی نے مزار حضرت بی بی پاکدامن کی اپ گریڈیشن و توسیعی منصوبے کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو ہدایت کی کہ مزار حضرت بی بی پاکدامن کی اپ گریڈیشن و توسیعی منصوبے کو محرم الحرام سے قبل مکمل کیا جائے۔ زائرین کے لئے مزار کے ساتھ اضافی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ قبل ازیں محسن نقوی عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد سعودی عرب سے گزشتہ روز علی الصبح لاہور واپس پہنچ گئے۔