1700 روپے تولہ اضافے کے ساتھ سونے کی قیمت ریکارڈ سطح پر‘ ڈالر 4 پیسے سستا
کراچی (کامرس رپورٹر) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت آج 1700 روپے بڑھی ہے جس کے بعد ایک تولہ سونا 2 لاکھ 22 ہزار 700 روپے کا ہوگیا ہے۔ 10 گرام سونا 1457 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 90 ہزار 929 روپے کا ہے۔ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 25 ڈالر اضافے سے2015 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔ دوسری طرف کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں آج معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔ انٹربنک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 283.88 روپے ہے۔ انٹربنک میں ڈالر کا بھاؤ آج 4 پیسے کم ہوا ہے۔ انٹربنک میں گذشتہ روز ڈالر 283.92 روپے پر بند ہوا تھا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 289.50 روپے پر برقرار ہے۔